نئی دہلی ،27؍ مارچ (ایس اونیوز؍آئی این ایس انڈیا)مغربی بنگال کی وزیراعلی اور ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بنرجی نے آئندہ لوک سبھا انتخابات کے لئے غیر کانگریسی اور غیربی جے پی مشترکہ محاذ قائم کرنے کی مہم کے تحت آج یہاں تیلگو دیشم پارٹی (ٹی ڈی پی)اور تلنگانہ راشٹر سمیتی کے اراکین پارلیمنٹ سے ملاقات کی۔ دہلی کے دورہ پر آئیں ممتا بنرجی نے پارلیمنٹ کے احاطہ میں ٹی ڈی پی لیجسلیٹیو پارٹی کے لیڈر اور سابق مرکزی وزیر وائی ایس چودھری اور پارٹی کے دیگر اراکین پارلیمنٹ سے بات چیت کی۔ بنرجی نے ٹی آر ایس کی کویتا سمیت پارٹی کے کچھ دیگر اراکین پارلیمنٹ سے بھی ملاقات کی۔ اس دوران ترنمول کانگریس کے رکن پارلیمان سوگت رائے، کلیان بنرجی، دنیش ترویدی اور کچھ دیگر اراکین پارلیمان بھی موجود تھے۔میٹنگ میں شامل ٹی ڈی پی کے رکن پارلیمنٹ رام موہن نائیڈو نے یو این آئی کو بتایا کہ بنرجی نے کہا کہ ان کی پارٹی آندھراپردیش کو مالیاتی پیکج دینے کی مانگ کی مکمل حمایت کرتی ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ٹی ڈی پی کو انصاف دلانے کے لئے ترنمول کانگریس کے رکن پارلیمنٹ کے اندر اور باہر اس کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔ نائیڈو نے کہا کہ کسانوں کے مسائل جیسے کئی ایسے قومی امور ہیں جن پر دونوں جماعتوں کی رائے یکساں ہے اور وہ ملکر ان کے لئے جدوجہد کریں گے۔نائیڈو نے بتایا کہ آندھراپردیش کے وزیراعلی چندر بابو نائیڈو نے تشکیل نو کے معاملہ پر شروع سے ہی ٹی ڈی پی کا ساتھ دینے کے لئے ممتا بنرجی کا شکریہ ادا کیا ہے۔ ایسا سمجھا جا رہا ہے کہ محترمہ بنرجی نے کویتا کو تلنگانہ میں ریزرویشن کا کوٹہ بڑھانے کی ٹی آر ایس کی مانگ کو پارلیمنٹ میں مل کر اٹھانے کا یقین دلایا ہے۔ کویتا کے والد تلنگانہ کے وزیراعلی کے چندر شیکھر راو نے حال ہی میں کلکتہ جا کر محترمہ بنرجی سے ملاقات کی تھی۔ قیاس آرائی کی جارہی تھی کہ دونوں نے مشترکہ محاذ قائم کرنے کے تعلق سے بات چیت کی۔